باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سکھر قرنطینہ میں زائرین کا علاج کرنے والا ڈاکٹر خود کرونا کا شکار ہو گیا ہے
ڈاکٹر زین العابدین سکھر میں زائرین کے علاج پر مامور تھے کہ ٹیسٹ کروانے پر ان میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے، ڈاکٹر زین العابدین نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ہم سکھر میں چھ سات دن سے زائرین کی ٹیسٹنگ کر رہے تھے، 23 مارچ کو میں نے ٹیسٹ کروایا جس میں ریزلٹ مثبت آیا، ویڈیو کا مقصد قوم کو بتانا ہے کہ ہم کرونا کا مقابلہ کرین گے، عوام ڈاکٹر، حکومت پر اعتماد کریں جو ہدایات دی جا رہی ہیں انکی بہتری کے لئے ہیں ،ہم فرنٹ پر جنگ لڑتے رہیں گے اور تب تک لڑیں گے جب تک یہ جنگ جیت نہیں جاتے،ہمارا ایمان ہے کہ ہم یہ جنگ جیتیں گے اس میں عوام کے تعاون کی ضرورت ہے،کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد میں نے خود کو قرنطائن کر لیا ہے،آپ کی دعاؤن کی ضرورت ہے.
ڈاکٹر زین العابدین جو کہ سکھر قرنطینہ کیمپ میں زائرین کا علاج کر رہے تھے ۔خود بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گے ۔۔۔
ان کا کہنا ہے ہم آخری دم تک لڑتے رہیں گے ۔۔سلام ہے ایسے بہادر ڈاکٹرز کو ۔۔ pic.twitter.com/9O8QBYGjEc— Abbasi (@Abbasi20566201) March 24, 2020
واضح رہے کہ سکھر میں ایران سے واپس آئے زائرین کو رکھا گیا ہے،محکمہ صحت سندھ کے مطابق صوبے میں کرونا وائرس کے مزید 13 کیسز سامنے آ گئے ہیں۔ ان کیسز میں سے کراچی میں 8 مریضوں میں کرونا مقامی طور پر منتقل ہوا جبکہ 5 متاثرہ افراد کا تعلق تفتان سے آنے والے زائرین میں سے ہے۔ تازہ ترین کیسز رپورٹ ہونے کے بعد صوبے میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 407 تک پہنچ گئی ہے۔ کراچی میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 141، تفتان سے آنے والے زائرین کی تعداد 265 ہے جبکہ ایک مریض کا تعلق دادو سے ہے.
وزیر صحت سندھ ڈاکٹرعذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ عوام کے تعاون سے2 دن میں متاثرہ افراد میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، عوام ہر حال میں گھروں تک محدود رہیں،حکومت کا ساتھ دیں۔ سکھر قرنطینہ میں 3149 زائرین کے نتائج منفی جبکہ 265 کے مثبت آئے ہیں۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کے حوالہ سے پلان میں تبدیلی کرتے ہوئے صبح 8 بجے سے شام 8 بجے تک شہر کراچی میں موثر لاک ڈاؤن کی ہدایت کر دی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر شاہ نے کہا ہے کہ نئے پلان کے تحت شام 8 بجے سے صبح 8 بجے تک تمام کریانے سٹور بند رکھیں جائیں گے تاہم کراچی کے تمام ہسپتال 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے بینکنگ سیکٹرز کو ضروری برانچ کھلنے کی ہدایت کر دی ہے، میڈیکل سٹور کھلے رہیں گے ان پر کوئی پابندی نہیں ہے.