میرپور ماتھیلو (نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کے احکامات پر گھوٹکی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کا گھیراؤ تنگ کر دیا۔ گزشتہ رات تھانہ بی سیکشن پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سی پیک سے تاریں چوری کرنے والے ایک ملزم کو چوری شدہ تاروں سمیت گرفتار کر لیا۔
ایس ایچ او تھانہ بی سیکشن محمد قابل بھیو کو دوران گشت خفیہ اطلاع ملی کہ نامعلوم ملزمان سی پیک کی تاریں چوری کر کے لے جا رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او بی سیکشن محمد قابل بھیو نے بھاری نفری کے ساتھ فوری طور پر گھوٹکی کندہ کوٹ روڈ پر کارروائی کی۔ پولیس نے ملزمان کا گھیراؤ تنگ کر دیا اور ایک ملزم محمد بچل ولد گل حسن چانڈیو کو چوری شدہ تاروں، ایک موٹر سائیکل اور ایک تار کٹر سمیت گرفتار کر لیا۔
ملزم کے تین ساتھی شھمور علی کلھوڑو، اسد علی کلھوڑو اور دلبر چانڈیو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس نے برآمد تاروں، موٹر سائیکل اور تار کٹر کو تھانہ بی سیکشن منتقل کر دیا۔ گرفتار اور فرار ملزمان کے خلاف کرائم نمبر 20/2025 دفعہ 379، 411، 324 اور 353 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے فوری کارروائی کرنے پر پولیس پارٹی کے لیے شاباشی کا پیغام دیا۔