اوکاڑہ(نامہ نگارملک ظفر) دریائے ستلج میں بھارت کی جانب سے آبی جارحیت کے نتیجے میں پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے، جس سے 27 سالہ سیلاب کا ریکارڈ ٹوٹنے کا خدشہ ہے۔ ذرائع کے مطابق، دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 38 ہزار کیوسک سے تجاوز کر چکا ہے اور مسلسل بلند ہو رہا ہے۔
پانی کا یہ بڑا سیلابی ریلا تباہی مچاتا ہوا ہیڈ سلیمانکی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ یاد رہے کہ 1998 میں ہیڈ سلیمانکی سے 3 لاکھ 20 ہزار کیوسک اور 1988 میں 4 لاکھ کیوسک کا ریلا گزرا تھا۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر، ہیڈ سلیمانکی پر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور دھرنگہ بند میں شگاف پڑنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
اوکاڑہ کی ضلعی انتظامیہ تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لاتے ہوئے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ پاکستان رینجرز، پولیس اور ریسکیو اہلکار ہائی الرٹ پر ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مزید پولیس نفری طلب کر لی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چوہدری ظفر اقبال کی قیادت میں ریسکیو ٹیمیں سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں اور ان کے مال مویشیوں کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں۔
محکمہ صحت، سول ڈیفنس، اور محکمہ لائیو سٹاک بھی متاثرہ افراد کی بھرپور امداد میں مصروف ہیں۔ سیلاب سے بچاؤ کے اعلانات کے ذریعے عوام سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی مسلسل اپیل کی جا رہی ہے۔