تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے قریب غوثپور لنک روڈ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے ملک برادری کے دو افراد بابل ملک اور جاوید ملک قتل کر دیے گئے۔ مقتولین اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنے جب وہ تنگوانی کورٹ میں اپنی شنوائی سے فارغ ہو کر واپس اپنے گھر جا رہے تھے۔ قاتل واردات کے بعد فرار ہو گئے، جبکہ لاشوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد مقتولین کے گھروں میں کہرام مچ گیا اور علاقہ سوگوار ہو گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ قتل دیرینہ دشمنی اور زمینی تنازع کا نتیجہ ہے جو ملک اور چولیانی قبائل کے درمیان چل رہا ہے۔ دونوں قبائل کے مابین زمینی تنازع کے باعث پہلے بھی متعدد جانیں ضائع ہو چکی ہیں، جن میں ایک پرائمری ٹیچر بھی شامل تھا۔ اب تک دونوں قبائل کے درمیان اس دشمنی کے باعث پانچ افراد قتل ہو چکے ہیں۔
عوامی حلقوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ اس خونی دشمنی کو ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید انسانی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔