ٹھٹھہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ سندھ پولیس میں ڈاکوؤں، جرائم پیشہ افراد اور امن دشمنوں سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس فورس نہ صرف جدید اسلحے سے لیس ہے بلکہ مہارت کے لحاظ سے بھی سندھ پولیس نے نمایاں پیش رفت کی ہے۔ وہ ٹھٹھہ میں جدید طرز پر قائم کیے گئے ماڈل تھانے کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی وزیر اوقاف و زکواۃ سید ریاض حسین شاہ شیرازی، ایم این اے صادق علی میمن، چیئرمین ضلع کونسل عبدالحمید پنہور، ڈی آئی جی طارق رزاق دھاریجو، ڈپٹی کمشنر منور عباس سومرو، ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان، سی آئی اے انچارج ممتاز بروہی سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔
وزیر داخلہ نے ماڈل تھانے کی خصوصیات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس تھانے میں عوام کو بروقت انصاف فراہم کرنے کے لیے تمام جدید سہولیات میسر کی گئی ہیں، جن میں انتظار گاہ، قانونی مشاورت، ابتدائی شکایت درج کرنے کے لیے مختلف ڈیسک، خواتین اور بچوں کے لیے مخصوص ڈیسک، تفتیشی کمرے اور لاک اپ شامل ہیں۔
ضیاء الحسن لنجار کا کہنا تھا کہ سندھ اب ماضی کی نسبت زیادہ پرامن ہے تاہم پولیس میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خصوصاً شمالی سندھ کے اضلاع کندھ کوٹ، شکارپور اور لاڑکانہ میں ڈاکوؤں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں اور ڈکیت کلچر کے خاتمے کے لیے پولیس کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ اور آرمی چیف کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جن کی مدد سے سندھ پولیس کو جدید اسلحہ فراہم کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اہلکاروں کی کمی نہیں، تاہم پولیس میں قابل اور ذہین نوجوانوں کو شامل کرنے کا عمل جاری ہے تاکہ مغویوں کی بازیابی سمیت دیگر جرائم پر مؤثر قابو پایا جا سکے۔
آخر میں وزیر داخلہ نے ماڈل تھانے کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس کی بہتر کارکردگی سے عوام کا اعتماد بحال ہوگا اور قانون کی عملداری کو تقویت ملے گی۔