ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں قیمتی جانیں ضائع ہوگئیں۔ پولیس کے مطابق درازندہ داناسر کے مقام پر منی ٹرک بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گرا جس کے نتیجے میں 11 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ ٹرک کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرک میں سوار تمام افراد ضلع ژوب کے علاقے خانوزئی سے ڈیرہ اسماعیل خان جارہے تھے۔ حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے۔زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے جبکہ جاں بحق افراد کی لاشوں کو ان کے آبائی علاقوں میں بھجوانے کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ علاقہ مکینوں نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔