ایران نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ وہ نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایران نے یہ موقف جو بائیڈن انتظامیہ کو بھی ایک خط کے ذریعے پہنچایا تھا۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایران نے اپنے خط میں یقین دہانی کرائی کہ وہ ٹرمپ کے قتل کی کسی بھی سازش میں ملوث نہیں ہوگا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، بائیڈن انتظامیہ نے ایران کو خبردار کیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی کسی بھی کوشش کو جنگ کا اعلان تصور کیا جائے گا۔امریکی حکام نے ایک افغان شہری کو گرفتار کیا ہے، جس پر الزام ہے کہ وہ ٹرمپ کے قتل کی مبینہ منصوبہ بندی میں ملوث تھا اور اس کا تعلق ایرانی پاسداران انقلاب سے تھا۔امریکی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملزم فرہاد شاکری کو پاسداران انقلاب نے اس کام کے لیے منتخب کیا تھا، اور وہ ماضی میں کافی عرصہ تہران میں بھی مقیم رہ چکا ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر ماضی میں دو بار قاتلانہ حملے کی کوشش کی جا چکی ہے، جن میں ایک واقعہ پنسلوینیا میں انتخابی ریلی کے دوران پیش آیا، جس میں ٹرمپ بال بال بچ گئے تھے، اور گولی ان کے کان کے قریب سے گزر گئی تھی۔