واشنگٹن: امریکی ڈاک سروس (USPS) نے چین اور ہانگ کانگ سے آنے والے پارسلز کی وصولی عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے،جس سے ای کامرس کمپنیاں شین اور ٹیمو کے کاروباری ماڈلز کو خطرہ ہے۔
باغی ٹی وی :سی این این کے مطابق یونائیٹڈ اسٹیٹس پوسٹل سروس کی ویب سائٹ کے مطابق، اس پابندی کا اطلاق صرف پارسلز پر ہوگا جبکہ چین اور ہانگ کانگ سے بھیجے جانے والے خطوط اور دیگر ڈاک معمول کے مطابق جاری رہے گی،یہ فیصلہ 4 فروری 2025 سے نافذ العمل ہوچکا ہے اور تاحکم ثانی برقرار رہے گا۔
دوسری جانب ابھی تک امریکی ڈاک سروس کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا یہ فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی چین اور دیگر ممالک سے ”ڈی مینیمس“ شپمنٹس کو ختم کرنے کی پالیسی سے جڑا ہے یا نہیں۔
خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کا پولیو ٹیم پر ایک بار پھر حملہ
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے چین پر اضافی 10 فیصد اور کینیڈا و میکسیکو پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے منصوبے کے تحت سیکشن 321 ڈی مینیمس کو معطل کر دیا ہے،ڈی مینیمس کے تحت کسی مخصوص ملک سے آنے والی شپمنٹس پر ڈیوٹی فیس چارج نہیں کی جاتی۔
امریکی کانگریس کی چین پر قائم کمیٹی کے مطابق، جون 2023 کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ تقریباً نصف ڈی مینیمس شپمنٹس چین سے آتی ہیں۔