واربرٹن(باغی ٹی وی ،نامہ نگارعبدالغفارچوہدری)محکمہ بہبودِ آبادی ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام واربرٹن کے اقبال گرینڈ ہال میں صحافیوں کے لیے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد فیملی پلاننگ، آبادی اور وسائل میں توازن اور "چھوٹا خاندان، خوشحال پاکستان” کے پیغام کو عام کرنا تھا۔

تقریب میں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ماہر تعلیم، ریسرچر اور مصنف ڈاکٹر غلام نبی شاکر، دینی رہنماؤں اور شعبہ تعلیم سے وابستہ شخصیات بھی موجود تھیں۔

ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر ملک کاشف مختار عابد نے اپنے خطاب میں کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے اثرات کو کنٹرول کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی نصف آبادی پنجاب میں رہتی ہے، جہاں آبادی میں اضافے کی شرح 2.1 فیصد ہے، جبکہ ضلع ننکانہ صاحب میں یہ شرح 3.9 فیصد تک پہنچ چکی ہے جو صوبے میں سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی پر قابو پانا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے محکمہ نے میڈیا، محکمہ تعلیم اور مذہبی رہنماؤں کو اس مہم میں شامل کیا ہے۔

انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ خاندانی منصوبہ بندی کے پیغام کو ہر گھر تک پہنچانے میں ان کا ساتھ دیں تاکہ معیار زندگی بہتر بنایا جا سکے۔

ماہر تعلیم ڈاکٹر غلام نبی شاکر نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی نہ صرف سماجی و معاشی مسائل پیدا کرتی ہے بلکہ اس کا براہ راست اثر تعلیمی معیار اور دستیاب وسائل پر بھی پڑتا ہے۔ انہوں نے بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ اور ان کی تعلیم و تربیت پر بھرپور توجہ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور صحافی عوام میں شعور اجاگر کرکے خاندانی منصوبہ بندی کے فوائد عام کر سکتے ہیں۔

دینی رہنما قاری نعمان اور قاری اسامہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے واضح اصول دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی پیدائش کے ساتھ ان کی بہتر تعلیم و تربیت والدین کی اولین ذمہ داری ہے۔

تقریب کے دوران سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی، جس میں صحافیوں نے آبادی کے مسائل اور آگاہی کے حوالے سے سوالات کیے۔ آخر میں، محکمہ بہبود آبادی کے ذمہ داران نے صحافیوں کو محکمہ کے کاؤنٹرز کا دورہ کرایا اور ان کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔

Shares: