فیصل آباد ( نمائندہ باغی ٹی وی )صوبائی وزیر برائے پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین نے کہا ہے کہ استحکام پاکستان کے لئے قومی یکجہتی‘ اتحاد و اتفاق اور خلوص نیت سے قومی خدمت وقت کا اہم ترین تقاضا ہے جس کے لئے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت عملی اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے یہ بات جماعت اہلسنت کے زیر اہتمام تحصیل بار کونسل جڑانوالہ میں منعقدہ استحکام پاکستان سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر برائے وزیر اعلی معائنہ ٹیم محمد اجمل چیمہ‘ اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ شاہد ندیم رانا‘ ایس پی طارق محمود سکھیرا‘ سیکرٹری بار مہر آصف نذیر سمیت وکلاء کی بڑی تعداد اور علماء کرام اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر چوہدری ظہیر الدین نے کہا کہ پاکستان بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے جس کے تحفظ و ترقی کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن عناصر پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کو کمزور کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں جنہیں ناکام بنانے کے لئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ امن و آشتی اور استحکام کے لئے مذہبی ہم آہنگی اور روا داری کو فروغ دیا جائے جس کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام و مشائخ عظام کا مثالی کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران کی قیادت میں پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی مملکت بنائیں گے جس کے لئے ایسے اقدامات کئے جارہے ہیں جن کی بدولت طبقاتی تفریق ختم ہو گی اور ہر فرد کو انصاف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کو لوٹنے والوں سے قومی دولت واپس لے کر پاکستان کی ترقی اور عوامی خوشحالی پر خرچ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی مملکت بنانے کے لئے عوام حکومت کا ساتھ دیں اور منفی قوتوں کے عزائم کو شکست دے کر تعمیر وترقی کے صحیح راستے کا انتخاب کریں۔ انہوں نے استحکام پاکستان کے اہم موضوع پر سیمینار کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔ صوبائی وزیر برائے وزیر اعلی پنجاب معائنہ ٹیم محمد اجمل چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استحکام پاکستان میں ہی ہماری قومی بقاء ہے جس کے لئے ہمیں دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ آزادی بڑی نعمت ہے جس کے تحفظ کے لئے قومی یگانگت کے تقاضوں پر آنچ نہیں آنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے محبت کا تقاضا ہے کہ تمام اختلافات بھلا کر ہم من حیث القوم ملک و ملت کی خدمت کے لئے کمر بستہ ہو جائیں۔ سیمینار سے امیر جماعت اہلنست ڈاکٹر مفتی محمد یونس رضوی‘ مفتی عبدالقوی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے قیام پاکستان کے سلسلے میں علماء کرام کی خدمات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ علماء دین تعمیر پاکستان کے لئے بھی بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ آخر میں ملک و ملت کی ترقی و خوشحالی‘ قومی یکجہتی اور امن وسلامتی کے لئے دعا اور شہدائے پاکستان کی ارواح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

فیصل آباد میں قومی یکجہتی اور استحکام پاکستان کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد
Shares: