اب وسائل کی نہیں بلکہ مسائل کو حل کرنے کی بات کی جائے گی، مرتضیٰ وہاب

0
58

ایڈمنسٹریٹر کراچی، سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ علماء کرام ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، اب وسائل کی نہیں بلکہ مسائل کو حل کرنے کی بات کی جائے گی، ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے، صرف محرم الحرام یا ربیع الاول کے لئے ہی نہیں بلکہ ایسے کام کئے جائیں گے جو پورا سال چلیں، آئندہ دس روز کراچی میں محرم الحرام کے جلوسوں کی گزرگاہوں اور مجالس کے مقامات پر خود جا کر مسائل دیکھوں گا اور انہیں حل کرایا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر دانش سعید، ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب منہاس، ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اکبر، ڈی آئی جی ٹریفک اقبال دارا، ایڈیشنل کمشنرجواد مظفر، مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایڈمنسٹریٹرز،میونسپل کمشنرز، واٹر بورڈ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈاور کے الیکٹرک کے نمائندے بھی موجود تھے،ا جلاس کے دوران مختلف مذہبی تنظیموں کے رہنما اور محرم الحرام کے جلوسوں کے منتظمین نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیاجن میں مولانا اکبر درس، مفتی جمیل راٹھور، محمد خالد نور، بلال قادری، یونس جعفری، شبر رضا، محمد فرید قادری، سید سہیل رضا، سردار حسین، ڈاکٹر شاہ فیروز الدین رحمانی، غضنفر حسین، عمر خان قادری، شہزاد علی رضوی، عمر صابر، بدر علی، مفتی عابد مبارک، علی حسین نقوی، مولانا یعقوب عطاری، سید رفیع شاہ، مسرور ہاشمی، عمران احمد سلفی اور دیگر شامل تھے، زیادہ تر مسائل کا تعلق صفائی ستھرائی کی صورتحال، سیوریج لائن سے رساؤ، سڑکوں کی حالت زار، پانی کی کمی، اسٹریٹ لائٹس کی خرابی سے تھا، علماء کرام نے شہر کے مختلف اضلاع میں جلوسوں کی گزرگاہوں کو بہتر بنانے، سڑکوں کی استرکاری اور اسٹریٹ لائٹس کی درستگی جلد از جلد کرانے کی درخواست کی، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ہر مکتبہ فکر کے لوگ اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں، تمام سازشوں کے باوجود ماضی میں کسی انتظامیہ نے انہی علماء کرام کے ساتھ بیٹھ کر مسائل حل کئے ہیں میرے ساتھ کراچی کی پوری انتظامیہ موجود ہے، ہمارا بنیادی مقصد یہ ہے کہ اب ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے جو اتحاد محرم الحرام اور ربیع الاول میں نظر آتا ہے وہ پورے بارہ مہینے نظر آنا چاہئے، بلدیاتی ادارے شہری انتظامیہ اور پولیس کا محکمہ مل کر کام کریں گے اور جلوس کی گزرگاہوں پر ہرممکن بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی، واٹربورڈ کے ساتھ بیٹھ کر سیوریج کے معاملات حل کریں گے جبکہ کے الیکٹرک کے ساتھ بھی رابطہ رہے گا، سڑکوں کی مرمت و استرکاری فوری ہونی چاہئے، اس کے لئے سب اپنی ذمہ داریاں نبھائیں انہوں نے اس موقع پر کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز، میونسپل کمشنرز،ڈی آئی جیز پیش کئے گئے مسائل کو نوٹ کرلیں کہ ہمیں محرم الحرام کے جلوس کے راستوں کو گزرنے کے قابل بنانا ہے اور سیکورٹی کے بہتر انتظامات کرنے ہیں، کے ایم سی نے اپنا کنٹرول روم 1339 بنالیا ہے وہ دس محرم الحرام تک مسلسل کام کرے گا، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے تمام علماء کرام اورمجالس و جلوسوں کے منتظمین کے ساتھ رابطہ رہے گا اور میرا دفتر آپ کی مدد کے لئے حاضر ہے، ہم مل کر مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے اس امید کے ساتھ کہ آنے والا کل بلدیاتی سہولیات اور مذہبی ہم آہنگی کے حوالے سے بہتر ہوگا، انہوں نے علماء کرام کو یقین دہانی کرائی کہ جو مسائل یہاں پیش کئے گئے ہیں ان پر فوری کارروائی کی جائے گی اور بہتر انتظامات کے لئے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور دیگر شہری اداروں کے اشتراک سے کام کریں گے۔

Leave a reply