وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال اور معاون خصوصی امور خارجہ طارق فاطمی بیجنگ پہنچ گئے ہیں
نئی حکومت کے آنے کے بعد اعلیٰ سطح کے پاکستانی وفد کا یہ چین کا پہلا دورہ ہے۔ وہ چین کی اعلیٰ قیادت سے سی پیک فیز ٹو پہ بات چیت کریں گے۔ سی پیک کی تیرہویں جے سی سی میٹنگ کے ایجنڈے اور وزیر اعظم پاکستان کے متوقع دورہ چین پہ بھی بات چیت ہو گی۔
قبل ازیں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصؤصی اقدامات احسن اقبال کی پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زئی ڈونگ سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں سیکرٹری منصوبہ بندی اویس منظور سمرا اور اعلی حکام نے شرکت کی۔ ملاقات میں توانائی و بجلی ، انفراسٹکچر، زراعت ، اور مواصلات کے منصوبوں پر باہمی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہاکہ چینی قیادت اورحکومت پاک چین دوستی کو مزید گہرا کرنے اور سی پیک کےاگلےمرحلےمیں جانے کا خواہاں ہیں۔ حکومت سی پیک منصوبوں کو بغیر کسی تاخیر کے مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ سی پیک تمام شعبوں میں تعان کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔ وزیر اعظم کا دورہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ دنیا بھر کی نظریں وزیراعظم کے دورے پر جمی ہیں۔
چین کے سفیر سے ملاقات میں وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک کا بنیادی مقصد پاکستان میں صنعت، توانائی، انفراسٹرکچر، سماجی شعبے اور زراعت کے شعبوں میں ہاہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ ایم ایل ون منصوبے پر مثبت پیش رفت سے ٹرانسپورٹیشن اور مال برداری کے شعبوں میں جدت آئے گی جبکہ پاکستان زراعت کے شعبے میں بھی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے چین کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ سبز انقلاب 2.0 کے لئے چین کے ساتھ تعاون سرمایہ کاری سے زراعت کے شعبے کو جدت سے روشناس کرایا جا سکے گا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ چین پاکستان میں الیکٹرک کاروں کی مینوفکچرنگ یونٹس کو صنعتی زون میں بنائے، پاکستان میں مینوفیکچرنگ سے چین کی پیداواری لاگت کم ہوگی، چین کو انسانی وسائل کی ضرورت ہے جبکہ پاکستان کو چینی ماہرین کی۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے جنوبی ایشیائی گیمز 2025 کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں جنوبی ایشیائی گیمز کا انعقاد کیاجا رہا ہے، ہمیں ابھی سے جنوبی ایشیائی کھیلوں کے لیے اپنے کھلاڑیوں کو تیار کرنا ہے، ہماری خواہش ہے کہ چین پاکستان میں ہمارے اتھلیٹس/ کھلاڑیوں کو اپنے چینی کوچز کے ذریعے ٹریننگ دے۔
پاکستان میں مقیم چین کے سفیر جیانگ زئی ڈونگ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے مابین سی پیک فیز 2 کو تیز کرنے پر اتفاق ہوا۔ مزید چین کے سفیر نے حکومت خصوصاً وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی کی کوششوں کو سراہا اور تمام تر شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کا عزم کرتے ہوئے پاکستان کوجنوبی ایشیائی گیمز کے انعقاد پر مبارکباد بھی دی۔