ہردیپ سنگھ نجر قتل،بھارت پر الزامات پرامریکا اور کنیڈا کے درمیان کوئی کشیدگی نہیں
واشنگٹن: امریکا نے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا الزام بھارت پر لگانے کے معاملے پر کینیڈا کے ساتھ کسی بھی کشیدگی کی تردید کردی۔
باغی ٹی وی: امریکا کےقومی سلامتی کےمشیرجیک سلیوان نے واضح کیا کہ بھارت پر کینیڈا کے سنگین الزامات پر تشویش ہے تاہم تشویش کے باوجود امریکا اور کنیڈا کے درمیان اس معاملے پر کوئی کشیدگی نہیں ہے امریکا نے بھارت کے ساتھ یہ معاملہ اعلیٰ ترین سطح پراٹھایا ہے، امریکا چاہتا ہےکہ تحقیقات آگے بڑھے اور قتل میں ملوث افراد انصاف کے کٹہرے میں لائے جائیں-
جیک سلیوان نے واضح کیا کہ اس معاملے میں امریکا کی دلچسپی صرف اس لیے ختم نہیں ہوجائے گی کہ یہ بھارت سے جڑا ہے جس سے امریکا اپنا قریبی تعلق چاہتا ہے تاہم یہ ایک ایسی بات ہے جو امریکا انتہائی سنجیدگی سے لیتا ہے اورخواہ کوئی بھی ملک ہو، ایسے عمل پر کوئی استشنیٰ نہیں دیا جا سکتا اس معاملے میں امریکا اور کینیڈا کے درمیان دوری پیدا کرنےکی کوشش کی جا رہی ہے وہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ایسا بالکل نہیں ہے۔
بھارت میں کینیڈین ہائی کمیشن کے سفارتکاروں کو سوشل میڈیا پر دھمکیاں
اس سے قبل امریکا نے کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل پر کینیڈا کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ سکھ رہنما کے قتل پر بھارت کو کینیڈا سے تعاون کرنا چاہیے امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے الزامات انتہائی سنجیدہ نوعیت کے ہیں، امریکا ان تمام اقدامات کی حمایت کرے گا جس سے اس واقعے کی سچائی تک پہنچا جاسکے۔