لاہور(خالدمحمودخالد) پاکستان اور بھارت کے شہریوں کی اپنے اپنے ملکوں میں روانگی کا سلسلہ ایک روز وقفہ کے بعد سرحد دوبارہ کھلنے کے بعد دوبارہ شروع ہوگیا۔ جمعہ کے روز 27 پاکستانی شہری واہگہ بارڈر کے راستے بھارت سے پاکستان پہنچے جب کہ کوئی بھارتی شہری پاکستان سے بھارت واپس نہیں گیا۔ اٹاری بارڈر سے ملنے والے اعدادوشمار کے مطابق 24 اپریل سے 2 مئی تک بھارت سے 1841 پاکستانی وطن پہنچے جب کہ پاکستان سے بھارت واپس جانے والے بھارتیوں کی تعداد 953 ہے۔ 24 مئی کو صرف 28 پاکستانی بھارت سے واپس پہنچے جب کہ پاکستان سے بھارت جانے والے بھارتیوں کی تعداد 105 تھی۔ 25 مئی کو 191پاکستانی واپس آئے جب کہ 287 بھارتی اپنے ملک روانہ ہوئے۔ 26 اپریل کو81 پاکستانی واپس آئے جب کہ 342 افراد بھارت گئے۔ 27 اپریل کو پاکستان آنے والوں کی تعداد 237 اور بھارت جانے والوں کی تعداد 116 تھی۔ 28 اپریل کو 145 پاکستانی واپس پہنچے جبکہ 275 بھارتی پاکستان سے روانہ ہوئے۔ 29 اپریل کو بھارت سے پاکستان آنے والوں کی تعداد 104 اور بھارت جانے والوں کی تعداد 491 تھی۔ 30 اپریل کو 140 پاکستانی بھارت سے واپس پاکستان آئے جب کہ 225 بھارتی اپنے ملک روانہ ہوئے۔ دونوں ملکوں کے درمیان 30 اپریل کو سرحدیں بند کردی گئیں جس کی وجہ سے یکم مئی کو کسی قسم کی آمدورفت نہ ہوئی تاہم پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد بھارت میں رہ جانے کے باعث بھارت نے پاکستانیوں کے لئے اٹاری بارڈر غیر معینہ مدت کے لئے کھولنے کا اعلان کردیا جس کے بعد پاکستان نے بھی واہگہ بارڈر دوبارہ کھول دیا تاکہ دونوں ملکوں کے باقی رہ جانے والے شہریوں کو مشکل پیش نہ آئے۔

مزید 27 شہریوں کی بھارت سے پاکستان واپسی،بھارت کوئی نہ گیا
Khalid Mehmood Khalid6 مہینے قبل







