بجلی بھی مہنگی مگرپھربھی میسرنہیں :بدترین لوڈشیڈنگ، مشتعل شہریوں کا کے الیکٹرک دفتر پر حملہ

کراچی :شہرقائد میں بجلی کی بندش کے باعث شہریوں کا صبر جواب دے گیا، مشتعل افراد نے K Electric کے دفاتر پر حملے شروع کردیے۔اسکیم 33 میں مدراس چوک پر شہریوں نے کے الیکٹرک کے دفتر پر دھاوا بول دیا اور وہاں موجود کے الیکٹرک کی گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے۔

احتجاج کے باعث کے الیکٹرک کا عملہ دفتر میں محصور ہوگیا، مشتعل شہریوں نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک معطل کردیا اور ٹائر بھی نذر آتش کیے۔گلشن حديد ميں بھی کےاليکٹرک کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا گیا، احتجاج میں تاجربرادری اورعوام کی بڑی تعداد شريک ہوئی۔

ہجرت کالونی کے مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے PIDC پل کو ٹریفک کیلئے بند کردیا، مظاہرین نے کےالیکٹرک آفس کا گھیراؤ کرلیا اور کے الیکٹرک کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ 12 سے 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس کی وجہ سے انکی زندگی اجیرن ہوچکی ہے، اس موقع پر پولیس اور رینجرزکی بھاری نفری بھی موجود تھی۔

واضح رہے کہ K Electric کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں رات 3 بجے سے صبح 5 تک لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث شہری شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں اور انہیں صبح دفاتر جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

Comments are closed.