وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے پرتگال کے سفیر مینوئل فریڈریکو پنہیرو ڈا سلوا کی ملاقات اہم پیش رفت ثابت ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے مابین معاشی اور سفارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات کے دوران پنجاب میں بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے مراعاتی پیکیج کو از سر نو ڈیزائن کرنے پر اتفاق ہوا تاکہ زیادہ سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو صوبے میں لایا جا سکے۔ملاقات میں پرتگالی تجربات سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا اور مختلف شعبوں جیسے تعلیم، صحت، آئی ٹی، زراعت اور سیاحت کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس ضمن میں دونوں ممالک نے مشترکہ تجارتی ٹیمیں تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا تاکہ باہمی تعلقات کو عملی جامہ پہنایا جا سکے اور دونوں ممالک کے تجارتی حجم کو بڑھایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے موجود سازگار ماحول پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پرتگال کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پرتگال کے ساتھ سفارتی تعلقات کو انتہائی اہمیت دی جاتی ہے اور ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پائیدار اور مؤثر پلان ترتیب دینے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔پرتگال کے اعزازی قونصل افتخار فیروز، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، ایڈیشنل سیکرٹری سارہ حیات اور دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔ یہ ملاقات دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید گہرائی دینے اور معاشی استحکام کے نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو سکتی ہے۔
Shares: