اسلام آباد : رمضان المبارک کی آمد پروزیراعظم اورصدرمملکت کی قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارکباد ،اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے رمضان المبارک کا چاند نظر آنے پر قوم کو مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ رمضان المبارک کی آمد پر پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنانا سب کی انفرادی ذمہ داری ہے، رمضان المبارک میں منافع خوری و ذخیرہ اندوزی کی نشاندہی اور حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔
صدر ڈاکٹرعارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمارے اندر تقویٰ پیدا کرنے کیلئے رمضان کے روزے فرض کیے۔ رمضان المبارک کا مہینہ محتاط انداز میں زندگی گزارنے کی تربیت کا موقع فراہم کرتا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا رمضان المبارک ۱۴۴۲ء کے موقع پر قوم کے نام پیغام pic.twitter.com/OMJ6TtQjyS
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) April 13, 2021
صدر نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر پہلے سے زیادہ شدید اور خطرناک ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی جانوں پر ظلم کرنے سے منع فرماتا ہے۔ کورونا سے اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگی کے تحفظ کیلئے پرہیز گاری کی صفت اپنانا ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ عبادات کی انجام دہی محفوظ ماحول میں کرنا ہوگی اور اپنی جانوں پر ظلم نہیں کرنا۔ نماز تراویح اور اعتکاف سے متعلق طے ایس او پیز پر بھی بھرپورعمل کریں۔
ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں لکھا کہ علمائے کرام کی ہدایت کے مطابق نماز کے دوران 3 فٹ کا فاصلہ رکھیں، وضو گھر پر کریں اور جائے نماز ساتھ لے جائیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ غیر ضروری طور پر سماجی میل ملاپ سے پرہیز کرنا ہوگا۔ طہارت اور حفظانِ صحت کے اصولوں کو اپنانا ہوگا۔ رمضان میں زکوة اور فطرانہ بڑھ چڑھ کر ادا کریں، ضرورت مندوں کا خصوصی خیال رکھیں
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ رمضان المبارک میں پاکستانی قوم نے کورونا سے بچاوَ کیلئے ایس اوپیز پر عمل کیا۔ اس وقت عالم انسانیت کورونا وائرس کی تباہ کاریوں سے دوچار ہے۔ رمضان المبارک میں ہمیں ضرورت مندوں کا خصوصی خیال رکھنا ہے۔ رمضان المبارک میں نماز تراویح اور اعتکاف سے متعلق ایس او پیز پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ہمیں اس نازک صورتحال کا مقابلہ متحد ہو کر کرنا ہے۔
اللہ تعالٰی اپنا خصوصی فضل و کرم فرماتے ہوئے سارے عالم کو اس آزمائش سے نکالے۔اللہ تعالٰی آزمائش کی اس گھڑی میں صبر وتحمل کے ساتھ کامیابی عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ ناجائزہ منافع خوری و ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کی نشاندہی اور حوصلہ شکنی کرنی ہے۔