حکومت کا سینیٹ الیکشن میں مقابلہ کرنے کے لیئے تیار ہیں،بلاول کا اعلان
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت سینیٹ الیکشن کو بھی 2018 کے عام انتخابات کی طرح متنازعہ بنانا چاہتی ہے، حکومتِ سندھ اوپن بیلٹ کے متعلق صدارتی آرڈیننس کو عدالت میں چیلینج کرے گی۔
میڈیا سیل بلاول ہاوَس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ وہ اوپن بیلٹ کے ذریعے بھی حکومت کا سینیٹ الیکشن میں مقابلہ کرنے کے لیئے تیار ہیں، اور حکمران جماعت کے ناراض ارکان اوپن بیلٹ کے باوجود اپنی پارٹی کو ووٹ نہ دینے کے لیئے تیار ہیں۔ ہر شہری کو خفیہ ووٹ کا حق ہے تاکہ وہ مکمل پرائیویسی کے ساتھ اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کر سکے تاکہ بعد ازاں کوئی اسے دباؤ میں نہ لا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بنیادی حق ہر الیکشن میں ہوتا ہے، لیکن اس پر اور صوبائی اراکین کے خفیہ ووٹ کے حق پر حملہ کیا جا رہا ہے۔ سینیٹ الیکشن کے حوالے سے عدالت میں ریفرنس زیرِ سماعت ہے، لیکن پیپلز پارٹی حکومتِ سندھ کے ذریعے صدارتی آرڈیننس کو بھی چیلنج کرے گی، جبکہ ریفرنس پر میاں رضا ربانی اور صوبائی حکومت کے ذریعے اپنا موقف رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ چند گندے انڈے ضرور ہوں گے، جنہوں نے اپنے ووٹ فروخت کیئے ہوں گے، لیکن ارکان اسمبلی کی اکثریت اپنے ضمیر کی آواز پر ووٹ دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر سلیکڈ حکومت شفاف انتخابات چاہتی تھی تو بہت وقت تھا کیونکہ وہ تین سال سے حکومت میں ہیں، اور اس عرصے کے دوران انتخابی اصلاحات کر سکتے تھے، لیکن ان کی نیت خراب تھی۔ سلیکٹڈ حکومت کو یہ امید تھی کہ انہیں سینیٹ الیکشن میں بھی کھلی چھوٹ دی جائے گی، لیکن جب اس نے دیکھا کہ پی ڈی ایم مقابلہ کرنے کے لیئے تیار ہے اور ان کے ارکان اسمبلی بھی ناراض ہیں، تو انہوں نے پہلے عدالتی ریفرنس دائر کیا اور پھر آئینی ترمیم کا بل کمیٹی کے ذریعے بغیر کسی بات چیت کے مسلط کرنے کی کوشش کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر سینیٹ الیکشن کے متعلق سازش کامیاب ہوئی تو یہ جمہوریت، پارلیمانٹ اور نظامِ انتخابات پر بہت بڑا حملہ ہوگا۔ اگر ایک جماعت اور شخص کی انا کی تسکین کی خاطر پاکستان کے آئین کو پائمال کیا جاتا ہے تو پھر یہ تمام اداروں کی جانب سے ملک کی جمہوری قوتوں کو ایک پیغام ہوگا اور اس سے وہ کیس کمزور پڑجائے گا کہ سسٹم کے اندر رہ کر جدوجہد کرنی چاہیئے۔ سب کو معلوم ہے کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کوایک آرگنک اکثریت حاصل نہیں ہے، لیکن جمہوریت کو پائمال کرکے ہم پر یہ کٹھ پتلیاں مسلط کی گئی ہیں، اور یہ بڑی غلطی اب ملکی معیشت کو تباہی کی جانب دھکیل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان آئین و الیکشن قوانین کو پامال کرکے اپنی جعلی اکثریت کو چھپانا چاہتا ہے، لیکن پاکستان کی عوام اس کی اجازت نہیں دے گی۔ حیدرآباد میں ہونے والے جلسہ عام سے پورے ملک کی عوام کو پتا چل جائے گا کہ سندھ کے لوگ کیا چاہتے ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ اور سعید غنی، ایم این اے شازیہ عطا مری بھی موجود تھیں