کسی بھی جگہ پر فش فارم بنانے سے قبل یہ کام لازمی کروانا پڑے گا

فیصل آباد۔ (اے پی پی) محکمہ ماہی پروری نے کسی بھی جگہ پر فش فارم بنانے سے قبل زمینی مٹی اور پانی کا تجزیہ کروانے کی ہدایت کی ہے اورفیصل آباد کے اکثریتی علاقے پانی میں نمکیات کی مقدار زیادہ ہونے کے باعث مچھلی فارمز بنانے کیلئے غیر موزوں قرار دے دیئے ہیں جبکہ مختلف مقامات پر مچھلی فارمز قائم کرنے کیلئے حاصل کردہ مٹی و پانی کے اکثرسیمپلز میں سے کئی کو نمکیات انتہائی زیادہ ہونے کے باعث غیر موزوں قرار دے دیا گیا ہے تاہم فیصل آباد میں جھنگ برانچ سے ملحقہ علاقہ جات، سمندری، تاندلیانوالہ، جڑانوالہ کے علاقوں کو مچھلی فارم بنانے کیلئے موزوں قرار دیاگیاہے۔ محکمہ ماہی پروری فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایاکہ پانی میں نمکیات کی مقدار زیادہ ہونے کی وجہ سے جہاں مچھلیاں بہتر طریقے سے اپنی افزائش نسل جاری نہ رکھ سکتی ہیں وہیں بڑی تعداد میں مچھلیوں کے مرنے کے خدشات بھی موجود رہتے ہیں جس سے فش فارمرز کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرناپڑتاہے۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی جگہ پر فش فارم بنانے سے قبل زمینی مٹی اور پانی کا تجزیہ ضرور کروا لیں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Comments are closed.