لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی زیر نگرانی گورنر ہاؤس کے بیرونی گیٹ پر عوام الناس کے لیے مفت کھانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ یہ اقدام عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم قدم ہے، جس کے تحت روزانہ صبح اور شام عوام کو مفت اور بہترین کھانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
گورنر پنجاب نے صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور سیلانی ٹرسٹ کے چیئرمین مولانا بشیر فاروق کے ہمراہ اس فلاحی منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر گورنر سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ "ہر خاص و عام کو گورنر ہاؤس کے بیرونی گیٹ پر روزانہ صبح اور شام مفت کھانے کی دعوت دی جاتی ہے۔ موجودہ مہنگائی کے دور میں یہ سہولت مزدور اور دیہاڑی دار طبقہ جیسے لوگوں کے لیے بہت مفید ثابت ہوگی۔”گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ حکومت اکیلا تمام فلاحی کام نہیں کر سکتی، اس لیے مخیر حضرات کو آگے آ کر ملک کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ "جو کھانا میں خود اپنے لیے پسند کرتا ہوں، وہی کھانا لنگر خانے میں بھی فراہم کیا جائے گا۔”
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ "اسلام میں بھوکے کو کھانا کھلانے کی بڑی فضیلت ہے۔ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ مختلف نظریاتی جماعتیں ہیں، مگر ملک اس بات کا متحمل نہیں کہ آپس میں لڑائی کی جائے۔”اس دوران، گورنر پنجاب کے ہمراہ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بھی عوام کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا اور اس منصوبے کی اہمیت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ "گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے خالی وعدوں کے بجائے عملی طور پر گورنر ہاؤس کو عوام کے لیے کھول دیا ہے، جو کہ ایک عوامی اور تعلیم دوست شخصیت کی پہچان ہے۔”
تمام ٹیمیں ٹورنامنٹ میں جیتنے کی نیت سے آتی ہیں،روہت شرما








