اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرلی

0
55
PAKISTAN

عمران خان کی 3 مقدمات میں ضمانت منظور جبکہ ایک میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتار

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اسلام آباد میں 3 مقدمات میں ضمانتیں ہوگئیں ہیں جب کہ ایک میں ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفترای جاری کردیئے گئے ہیں۔  جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے فوجداری کارروائی کے کیس کی سماعت بھی آج بروز منگل 28 فروری کو ہوئی۔ آج ہونے والی سماعت میں عدالت نے وقفے کے بعد عمران خان کی آج حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

 

سماء کے مطابق الیکشن کمیشن کے باہر پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران اپنے اوپر ہونے والے حملے پر محسن شاہنواز رانجھا نے عمران خان کے خلاف اقدام قتل کی ایف آئی آر درج کروائی تھی۔ خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ عدالت نے عمران خان کو عبوری ضمانت کے لیے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کے حکم دیا۔عبوری ضمانت 9 مارچ تک کےلیے منظوری کی گئی ہے۔

 

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس سے متعلق فوجداری کیس کی سماعت بھی ہوئی۔ عمران خان کے وکیل علی بخاری عدالت میں پیش ہوئے اور سماعت 5 روز کیلئے ملتوی کرنے کی استدعا کی جبکہ دوران سماعت عمران خان کے وکیل نے کہا کہ عمران خان ابھی لاہور سے نکلے ہیں، انہیں جوڈیشل کمپلیکس کی 2 عدالتوں میں پیش ہونا ہے، وہ آج اس عدالت میں پیش نہیں ہو سکیں گے۔

 

عمران خان کے وکیل نے سماعت 5 روز کے لیے ملتوی کرنے کی استدعا کی تو جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس میں پیش ہوں تو ادھر کے لیے ٹائم نہیں رہے گا، یہ کونسا طریقہ ہے؟ ادھر فرد جرم عائد ہونا ہے ادھر آجائیں، فرد جرم عائد ہوجائے پھر چلے جائیں۔ الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے بھی سماعت ملتوی کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ عدالت کا مسئلہ نہیں عمران خان کہاں سے آرہے ہیں، یہ عدالت میں پیش ہی نہیں ہونا چاہتے۔

 

انہوں نے کہا کہ ہم اس کیس پر ہر دن سماعت کے لیے تیار ہیں، عمران خان دوسری عدالتوں میں پیش ہورہے تو اس عدالت میں کیوں نہیں؟۔ عدالت نے کیس کی سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی ہے۔ قبل ازیں عدالت نے عمران خان کے پیش نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے کہا کہ ہم نے ساڑھے تین بجے تک عمران خان کا انتظار کیا مگر وہ پیش نہیں ہوئے اس لیے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔ واضح رہے کہ 21 اکتوبر 2022 کو الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف دائر کردہ توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں نااہل قرار دے دیا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے متفقہ فیصلہ سنایا تاہم فیصلہ سناتے وقت 4 ارکان موجود تھے کیونکہ رکن پنجاب بابر حسن بھراونہ طبعیت خرابی کے باعث آج کمیشن کا حصہ نہیں تھے۔ عمران خان کے وکیل علی بخاری نے کہا کہ خواجہ حارث اس کیس میں عمران کے وکیل ہیں، وہ آج ڈسٹرکٹ کورٹ نہیں آسکتے، اگر عمران خان عدالتی وقت میں جوڈیشل کمپلیس سے نکل آئے تو ہم پیش ہو جائیں گے۔ عدالت نے توشہ خانہ سے متعلق الیکشن کمیشن فوجداری کارروائی کیس میں وقفہ کرتے ہوئے سماعت ساڑھے تین بجے تک ملتوی کی تھی۔ علاوہ ازیں توشہ خانہ ریفرنس فیصلے کے بعد احتجاج کے تناظر میں عمران خان کے خلاف اقدامِ قتل کی دفعہ کے تحٹ تھانہ سیکریٹریٹ میں مقدمہ درج ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی نااہلی کے خلاف احتجاج کرنے پر سابق وزیر اعظم، اسد عمر اور علی نواز سمیت 100 سے زائد کارکنان کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

عمران خان کی اسلام آباد کے بینکنگ کورٹ آمد پر جج رخشندہ شاہین نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کا آغاز ہوا تو عمران خان کے وکیل کی جانب سے درخواست ضمانت پر صفائی پیش کی گئی۔ عدالت نے درخواست پر کچھ دیر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے عمران خان کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ جبکہ اس موقع پر حامی وکلا اور کارکنوں کی بڑی تعداد عدالت میں موجود تھی، جس پر جج نے بار بار کمرہ عدالت میں خاموش رہنے کا بھی کہا گیا۔ قبل ازیں عمران خان کی پیشی کے موقع پر وکلاء کی بڑی تعداد بھی جوڈیشل کمپلیکس میں موجود رہی۔ پارٹی رہنما بھی عمران خان کے استقبال کیلئے جوڈیشل کمپلیکس پہنچے۔ پی ٹی آئی رہنما مراد سعید عمران خان کی گاڑی کی چھت پر سوار تھے۔

دوسری جانب سنگجانی میں لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے مقدمے میں عمران خان انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بھی پیش ہوئے۔ اس موقع پر انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد نے عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔ عدالت میں عمران خان نے آج 28 فروری کو ہی درخواست ضمانت دائر کی تھی، تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے میں عمران خان کی عبوری ضمانت ایک لاکھ روپے مچلکے کے عوض 9 مارچ تک منظور کی گئی ہے۔

Leave a reply