روم: اٹلی میں کورونا وائرس کی وجہ سے 6کروڑ افراد گھروں تک محدود،حکومت اورشہری سب بے بس ہوگئے ،اطلاعات کےمطابق یورپ کے مشہور ترین سیاحتی مقامات میں سے ایک اٹلی میں کورونا وائرس کی شدت میں اضافے کے سبب ملک کے تمام 6کروڑ عوام کو گھروں تک محدود کردیا گیا ہے اور کسی بھی قسم کی چھوٹی یا بڑی تقریبات پر پابندی عائد کردی ہے۔


گزشتہ سال چین میں منظر عام پر آنے والے کووڈ-19 وائرس سے اٹلی سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جس میں اب تک 9ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ کم از کم 450افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اٹلی میں شادی بیاہ اور جنازوں کی تقریبات پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ بار اور ریسٹورنٹس کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شام 6بجے تک بند کردیں۔سرکاری حکمنامے کے بعد اٹلی کے تمام بڑے شہروں کی گلیاں اور مشہور مقامات پر سناٹے کا راج ہے اور چند مقامات پر اکا دکا لوگ نظر آ رہے ہیں۔

اٹلی کے وزیر اعظم نے عوام سے گھروں میں رہنے کی درخواست کی ہے جہاں 3اپریل تک ملک بھر میں غیرمعمولی اقدامات کرتے ہوئے پیر کی رات جاری کیے گئے حکمنامے کے ذریعے تمام 6کروڑ عوام کو گھروں تک محدود کردیا گیا ہے۔سرکاری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر کسی بھی قسم کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ اٹلی میں سیریز اے فٹبال لیگ کے ساتھ ساتھ ملک میں ہر قسم کے کھیلوں کے مقابلے بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

Shares: