کراچی پر اجارہ داری تو سب چاہتے لیکن مسائل حل کوئی نہیں کرتا ، میئر کراچی بول پڑے

باغی ٹی وی : کراچی جیسے شہر سے تمام حکمران کیا امید رکھتے ہیں اور اس کے مسائل حل کرنے کے لیے کیا اقدام کرتے ہیں‌.اس پر میئر کراچی وسیم اختر نے لب کشائی کی ہے . میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ اجارہ داری سب چاہتے ہیں مگر شہر میں کام کوئی نہیں کرانا چاہتا، وزیراعظم کراچی کے مسائل حل کروا کر اسلام آباد جائیں۔میئر کراچی وسیم اختر کورنگی نمبر ڈیڑھ پر سڑک کی استرکاری کا جائزہ لینے پہنچے تو شہریوں نے مسائل کے حل کے لیے احتجاج کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر کا کہنا تھا کہ اب میٹنگ نہیں کراچی کے لوگ بس کام چاہتے ہیں، اگر فنڈ ہوتے تو نہ وزیراعظم کو کہتے نہ وزیراعلیٰ سے کہتے۔وسیم اختر نے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی کہ وہ کراچی کے مسائل حل کروا کراسلام آباد جائیں۔میئر کراچی کا مزید کہنا تھا کہ بلدیہ کراچی (کے ایم سی) کے کاموں میں رخنہ اندازی کی جاتی ہے لیکن ہم گبھرانے والے نہیں کام کرتے رہیں گے
کراچی کے مسائل پربات کرتے ہوئے میئروسیم اختر نے کہا کہ مسائل تیزی سے بڑھ رہے ہیں، بلدیاتی اداروں کے پاس وسائل نہیں، کورنگی کے ایریا میں 2 کروڑ کی لاگت سے ڈیڑھ کلو میٹر سڑک کئی سال بعد تعمیر ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کرنا ہے کہ وفاقی حکومت کے ساتھ چلیں یا نہیں، رابطہ کمیٹی کو عوام کے مفاد میں فیصلہ کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل میئر کراچی کا کہنا تھا کہ سڑکوں کا حال برا ہے، سیوریج سسٹم تباہ ہوچکا ہے، ایسا لگتا ہے کہ بھکاری کی طرح کراچی کا شیئر مانگ رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کے ایم سی کے پاس تجربہ ہے، سہولتیں نہیں ملیں ورنہ کام جانتے ہیں، سپریم کورٹ نے طاقت دی کہ تجاوزات ہٹائیں، ہم نے ہٹا کر دکھا دئیے۔

Shares: