مساجد میں اجتماعی اعتکاف پر پابندی، کتنے شہریوں‌ کو دی گئی ہے اجازت؟

0
131

مساجد میں اجتماعی اعتکاف پر پابندی، کتنے شہریوں‌ کو دی گئی ہے اجازت؟

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک کا مقدس مہینہ جاری ہے، آج دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی فرزندان اسلام اعتکاف بیٹھیں گے تا ہم کرونا وائرس کی وجہ سے مساجد میں کم لوگوں کو اعتکاف کرنے کی اجازت دی گئی ہے،کسی بھی مسجد میں اجتماعی اعتکاف نہیں ہو گا

حکومت کی جانب سے کرونا سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر کے طور پر مساجد میں 5 سے 6 افراد کے اعتکاف کی اجازت دی گئی ہے۔ صرف کشادہ مساجد میں اعتکاف کی اجازت ہوگی، جن مساجد میں ایس او پیز کے تحت سماجی فاصلہ رکھنے کی گنجائش نہیں وہاں اعتکاف کی اجازت بھی نہیں دی جائے گی۔ اسی طرح چھوٹی مساجد میں دو سے چار افراد اعتکاف بیٹھ سکیں گے۔

محکمہ اوقاف کی پنجاب بھر کی 5 سو سے زائد مساجد میں اعتکاف کا فیصلہ نہ ہو سکا جبکہ دیگر مساجد کی انتظامیہ نے محدود تعداد میں اعتکاف کی تیاریاں کر لی ہیں۔ داتا دربار مسجد میں دو، جامعہ نعیمیہ میں 4 ،جامعہ اشرافیہ میں چند افراد کو اعتکاف کی اجازت ہو گی۔ بادشاہی مسجد میں بھی 4 سے 5 افراد اعتکاف بیٹھیں گے۔ محکمہ اوقاف پنجاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ محکمہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کرے گا۔

قبل ازیں رمضان المبارک میں‌ ہر سال بادشاہی مسجد، جامع مسجد القادسیہ سمیت دیگر بڑی مساجد میں ہزاروں افراد اجتماعی اعتکاف بیٹھتے تھے جو اس برس نہیں ہو گا

اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے فیصل مسجد میں اعتکاف بیٹھنے کی اجازت دے دی۔ ضلع کی ساڑھے 9 سو میں سے چھوٹی مساجد میں اعتکاف کی اجازت نہیں دی گئی۔

آزادکشمیر میں بھی مساجد میں اعتکاف بیٹھنے پر پابندی عائد کر دی گئی آخری عشرے میں ختم القران کی تقاریب کے بجائے صرف دعا ہو گی اعتکاف میں بھی کم لوگ بیٹھیں گے ،نمازعید مرکزی مساجد کے ساتھ ساتھ تمام جامع مساجد اور جہاں ضروری ہو دیگر مساجد میں بھی ادا کی جاسکے گی

وزیراطلاعات سندھ سید ناصر حسین نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مساجد میں اعتکاف کی اجازت نہیں ہوگی، شہری گھروں میں اعتکاف کا اہتمام کریں اور جلوس اور مجالس کے انعقاد پر بھی پابندی برقرار ہے

Leave a reply