نبی کریم ﷺ کو مجسم رحمت بنا کر بھیجا گیا ہے۔اظہار محبت اور اظہار عقیدت ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے ضرور ہونی چاہیے لیکن ان حدود و قیود کا خیال رکھا جائے جن کا حکم بعثت رحمت عالم ﷺ کے ساتھ تمام مومنین پر ضروری ہے ان کا پابند ہونا ہوگا۔اپنی ذات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک ایک لفظ پر عمل کرنا ہوگا۔
امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے بعثت رحمت عالم ﷺ کانفرنس لاہور کینٹ میں خواتین و حضرات کی بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہماہ ربیع الاول کو ایام کے ساتھ مقید نہ کیا جائے۔ ہر مومن پر لازم ہے کہ وہ اپنی خواہشاتِ نفسانی کو پسِ پشت ڈالتے ہوئے شریعت کے بتائے ہوئے راستے پر چلے اور اپنے ہر قول و فعل کو شمعِ نبوت کی روشنی میں پرکھے۔ یہ محبت صرف چند رسمی تقریبات یا مخصوص ایام تک محدود نہیں، بلکہ اس کا تقاضا یہ ہے کہ ہم اپنی زندگی کے ہر سانس اور ہر لمحے کو آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور احکامات کے تابع بنا دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حقیقی عید میلاد النبی وہی ہے جب ہماری پوری زندگی رسول اللہ ﷺ کے اسوہ حسنہ کی عملی تصویر بن جائے۔ اسی میں ہمارے ایمان کی تکمیل، ہماری محبت کی صداقت اور ہماری نجات کا راز پوشیدہ ہے۔
انہوں نے ملک میں موجود مختلف طبقات، بشمول علماء، تاجر برادری اور عدالتی نظام سے وابستہ افراد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام ادارے ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے درمیان سیاسی اختلافات ہو سکتے ہیں، لیکن اگر یہ اختلاف ملک کو نقصان پہنچانے کی حد تک پہنچ جائیں تو ایسی صورت میں بحیثیت مسلمان ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم ملک کے تحفظ کو ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا، ”جس طرح ہم اپنے گھر کا ٹوٹا ہوا برتن بھی باہر نہیں پھینکنا چاہتے، اسی طرح ہمیں اپنے ملک کے معاملات میں بھی احتیاط سے کام لینا چاہیے۔” انہوں نے حدیث مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا ہے کہ راستے سے تکلیف دہ چیز کو ہٹانا ایمان کا حصہ ہے۔انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ ہمیں سیرتِ نبوی ﷺ کو سمجھنے، اس پر عمل کرنے اور اس کی روشنی میں اپنی زندگیوں کو ڈھالنے کی توفیق عطا فرمائے۔اللہ کریم صحیح شعور عطا فرمائیں۔آخر میں انہوں نے ملکی سلامتی اور سیلاب زدگان کے لیے خصوصی دعا بھی فرمائی۔
یاد رہے کہ اس بابرکت پروگرام میں جہاں ہرطبقہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی وہاں سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جن میں شیخ روحیل اصغر سابق مشیر وزیر اعظم،فیڈرل منسٹر رانا مبشر،تنویر اسلم سیتھی،بلال یاسین ایم پی اے،مولانا سرفراز اعوان،مولانا اسید الرحمان،سعد نذیر چئیر مین بلیو ورلڈ سٹی بھی شامل تھے