پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عثمان خالد بٹ اور اداکارہ اشنا شاہ نے سوشل میڈیا پر امریکی سیاہ فام شہریوں کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے پیغامات جاری کئے ہیں

باغی ٹی وی : سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اداکارہ اشنا شاہ نے اپنا پیغام جاری کرتے ہوئے ٹویٹ میں لکھا کہ ایک لمحے کے لیے سوچیے کہ اگر ہمارے ملک میں اِس طرح اقلیتوں کے ساتھ ہو رہا ہوتا جیسے آج امریکا میں سیاہ فام لوگوں کے ساتھ ہو رہا ہے تو کیا ہمیں اقلیتی برادری کا ساتھ دینے کے لیے سڑکوں پر نکلنے کی اجازت دی جاتی؟


انہوں نے کہا کہ ہم کبھی بھی اقلیتی برادری کا ساتھ دینے کے لیے سڑکوں پر نہیں نکلتے اگر ہم نکل بھی جاتے تو ہمارے اپنے ہی لوگ ہم پر توہین مذہب یا بدعت کا الزام لگا دیتے اور ہمیں پھانسی دے دیتے۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں blacklivesmatter #pakistaniminorities# بھی استعمال کیے۔


دوسری جانب اداکار عثمان خالد بٹ نے ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا کہ امریکی پولیس اہلکار کے تشدد سے ہلاک ہونے والے امریکی سیاہ فام شہری کی ویڈیو پورے امریکا میں دیکھی جارہی ہے اور جس طرح امریکا میں لوگ اس نسل پرستی کے خلاف سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں یہ ہم سب کے لیے اقلیتوں کے حق میں آواز اُٹھانے کے لیے ایک بہترین مثال ہے

واضح رہے کہ 25 مئی کو منیسوٹا میں ایک امریکی پولیس اہلکار کے تشدد سے سیاہ فام امریکی شہری ہلاک ہوگیا تھا اور اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سے امریکا میں سیاہ فام امریکی شہریوں کی جانب سے مظاہرے کئے جارہے ہیں۔

Shares: