گجرانوالہ: علی پور چٹھہ کے نواحی علاقے کوٹ ہرا میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک بااثر شخص نے گھر کے سامنے صفائی نہ کرنے پر تین سینیٹری ورکرز کو مرغا بنا دیا۔ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب سوشل میڈیا پر اس کی تصویر وائرل ہوئی، جس نے نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ پورے علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑادی۔
کوٹ ہرا میں ایک بااثر شخص نے اپنی زمین کے سامنے سینیٹری ورکرز کو صفائی کرنے کی ہدایت دی تھی، لیکن جب ورکرز نے صفائی کے کام میں کوتاہی کی، تو اس شخص نے ان کو پکڑ کر جسمانی سزا دی اور مرغا بنا دیا۔ اس واقعہ کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس کے بعد علاقے میں شدید احتجاج دیکھنے کو ملا۔سوشل میڈیا پر تصاویر کے وائرل ہونے کے بعد، سینیٹری ورکرز نے اس واقعہ سے انکار کیا اور دعویٰ کیا کہ وہ اس وقت "اپنی روزمرہ کی سرگرمیوں” میں مصروف تھے اور آپس میں شغل کر رہے تھے
اس واقعہ کے بارے میں اسسٹنٹ کمشنر نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں اور اگر کسی بااثر شخص کے خلاف کارروائی کی ضرورت ہوئی تو اسے ضرور کیا جائے گا۔تاہم اسسٹنٹ کمشنر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایسا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا
اس واقعہ کے بعد اہل علاقہ نے سوشل میڈیا پر شدید احتجاج شروع کر دیا، اور مطالبہ کیا کہ اس بااثر شخص کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔سوشل میڈیا پر عوام نے اس واقعے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اس بااثر شخص کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ ایسے افراد کو قانون کی گرفت میں لانا ضروری ہے تاکہ عوام میں انصاف کا تاثر قائم ہو سکے