واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس یوکرین جنگ بندی نہ ہونے کی صورت میں روس پر سخت ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دے دی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 50 دن میں جنگ بندی معاہدہ نہ ہوا تو روس پر بہت سخت ٹیرف نافذ کریں گے اور یوکرین کو ہتھیاروں کی ترسیل نیٹو کی معاونت سے ہو گی، صدر ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر 50 روز میں امن معاہدہ نہ ہوا تو روس پر اضافی 100 فیصد ٹیرف عائد کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بات نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے سے اوول آفس میں ملاقات کے بعد میڈیا سےگفتگو کے دوران کہی۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ روسی صدر ولادیمیرپیوٹن سے خوش نہیں کیونکہ صدر پیوٹن کو یوکرین سے 2 ماہ قبل ہی امن معاہدہ کرلینا چاہیےتھا لیکن روسی صدر نے ایسا نہیں کیا وہ روس کو یوکرین سے امن معاہدے کےلیے 50 دن کا وقت دے رہے ہیں، اگر روس معاہدہ کرنے میں ناکام رہا تو سخت ٹیرف عائد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نیٹو کو بہترین ساز و سامان بھیجنے والے ہیں جبکہ تجارت جنگیں ختم کرانے کے لیے بہترین طریقہ ہے اربوں ڈالر کا فوجی سازوسامان فوری طور پر تقسیم کیا جائے گا،ثانوی ٹیرف بہت سخت ہوں گے آج یوکرین کو ہتھیار بھیجنے کا معاہدہ کیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین کو پیٹریاٹ میزائل دفاعی سسٹم فراہم کرنے کا بھی اعلان کردیا کہا کہ وہ یوکرین کو پیٹریاٹ میزائل سسٹم فراہم کریں گے تاکہ یوکرین روس کے خلاف جنگ میں اپنا دفاع کرسکے تجارت جنگوں کے خاتمے کا بہترین ذریعہ ہے، ہم نے پاکستان بھارت کے درمیان جنگ رُکوائی، دونوں ممالک تیزی سے جوہری جنگ کی طرف جا رہے تھےتجارتی ٹیکسوں میں اضافے پر یورپی یونین اور دیگر ممالک سے بات چیت کے لیے تیار ہیں اور اس حوالے سے یورپی یونین حکام بات چیت کے لیے آرہے ہیں۔

دوسری جانب سیکرٹری جنرل نیٹو نے کہا کہ یورپی ممالک آگے بڑھ رہے ہیں، اور یہ پہلا مرحلہ ہے جب مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2 روز قبل یورپی یونین اور میکسیکو پر 30 فیصد تجارتی ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیاتھا، کہا تھا کہ یکم اگست سے یورپی یونین کی مصنوعات اور میکسیکو سے درآمد کی جانے والی اشیا پر 30 فیصد ٹیکس نافذ ہوگا۔

Shares: