ورلڈ کپ فائنل، انگلینڈ کی بیٹنگ لائن مشکل صورتحال سے دوچار، 86 سکور پر 4 وکٹ گر گئیں
ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم نے 86 سکور بنائے ہیں اور اس کی چار وکٹیں گر گئی ہیں. یوں انگلینڈ کی ٹیم ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں مشکل صورتحال سے دوچار ہو گئی ہے. انگلینڈ کو میچ جیتنے کیلئے ابھی 156 رنز درکار ہیں.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پہلی اننگ میں نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے انگلینڈ کو 242 سکور کا ٹارگٹ دیا ہے. نیوزی لینڈ نے پچاس اوور کھیلتے ہوئے 241 رنز بنائے ہیں اور اس کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے.
نیوزی لینڈ کی بیٹنگ آج سست رہی، اوپنر گپٹل آج اپنے بیٹ کا جادو دکھانے میں ناکام رہے، مارٹن گپٹل اور ہنری نکولس نے انگلینڈ کے خلاف اننگز کا آغاز کیا لیکن گپٹل ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور 19 رنز بنا کر کرس ووکس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ گپٹل کے آؤٹ ہونے کے بعد نکولس اور راس ٹیلر محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے کی کوشش کرتے رہے لیکن بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے. ہینری نکولس 55،کین ولیمسن 30،مارٹن گپٹل نے 19رنزبنائے، راس ٹیلر 15اورجیمزنیشم 19رنزبناکرآؤٹ ہوئے، ٹام لیتھم 47،گرینڈہوم نے 16رنزکی اننگزکھیلی، انگلینڈ کی جانب سے پلنکٹ اور ووکس نے 3 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا, ووڈ اور آرچر نے 1 1 وکٹ حاصل کی.
ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیم اور میزبان انگلینڈ چوتھی مرتبہ ورلڈ کپ کا فائنل کھیل رہی ہے۔ انگلش ٹیم 1992 کے بعد اب جاکے ستائیس برس بعد فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ ادھر نیوزی لینڈ کی ٹیم مسلسل دوسری بار فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ 2015 کے ورلڈ کپ فائنل میں کیویز کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ دونوں ٹیمیں پہلی بار میگا ایونٹ میں تاریخی گراؤنڈ لارڈز میں آمنے سامنے ہیں جبکہ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ دونوں ٹیمیں ابھی تک کوئی ورلڈ کپ نہیں جیت سکی ہیں ۔
دوہزار گیارہ اور 2015 کے ورلڈ کپ میں میزبان ٹیموں نے کامیابی حاصل کی۔ 2011 میں بھارت اور 2015 میں آسٹریلیا ورلڈ چیمپیئن بنا۔ ایک بار پھر ایسا موقع آیا ہے کہ میزبان انگلینڈ کی ٹیم اپنی سرزمین پر فائنل کھیل رہی ہے۔ ورلڈ کپ کی تاریخ پر نظردہرائی جائے تو آسٹریلیا کی ٹیم پانچ بار عالمی چیمپئن رہ چکی ۔ ویسٹ انڈیز اور بھارت نے 2،2 مرتبہ ورلڈ کپ جیتا۔ پاکستان اور سری لنکا نے ایک ، ایک مرتبہ ورلڈ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔