کیرالہ : آن لائن کلاس نہ دیکھ پانےپر نویں جماعت کی طالبہ نے خودخوکشی کرلی کورونا وائرس کی وبا کے باعث بھارت میں جہاں لاک ڈاؤن نافذ ہے اور کاروبار زندگی بھی جزوی طور پر مفلوج ہے، وہیں وہاں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

ریاست کیرالہ نے تقریبا 42 لاکھ اسکول کے طلبہ کے لیے آن لائن کلاسز کا آغاز کیا ہے اور آن لائن کلاسز کو مقامی ٹی وی چینلز پر یومیہ بنیادوں پر دکھایا جا رہا ہے۔تاہم ریاست کیرالہ کے بہت سارے غریب طلبہ کے گھروں میں نہ تو ٹی وی ہے اور نہ ہی ان کے گھروں میں اسمارٹ موبائلز ہیں، جس وجہ سے وہاں کے بہت سارے طلبہ مسائل کا شکار ہیں۔

بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق کیرالہ کےضلع مالاپرم کے نواحی شہر والن چیری کی نویں جماعت کی طالبہ نے آن لائن کلاس کو نہ دیکھ پانے پر خودکشی کرلی۔رپورٹ کے مطابق 14 سالہ دیویکا بالاکرشن یکم جون کی سہ پہر سے گھر سے غائب تھی اور 2 جون کو ان کی جلی ہوئی لاش ان کے گھر کے قریب ایک خالی مکان سے ملی۔

جواں سالہ لڑکی کی لاش ملنے پر اہل محلہ نے پولیس کو مطلع کیا، پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردیا جب کہ غیر طبعی موت کا مقدمہ دائر کرکے تفتیش کا آغاز بھی کردیا۔ابتدائی رپورٹس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ لڑکی کی لاش کے قریب ایک خط بھی ملا ہے، جس میں انہوں نے اپنی زندگی ختم کرنے سے متعلق آگاہ کیا ہے۔

لڑکی نے خط میں لکھا ہے کہ یکم جون سے آن لائن کلاسوں کا آغاز ہو رہا ہے اور ان کے گھر میں نہ تو ٹی وی ہے اور نہ ہی اسمارٹ فون اور چوں کہ وہ آن لائن کلاس نہیں دیکھ پائیں گی، اس لیے وہ اپنی زندگی ختم کرنے جا رہی ہیں۔لڑکی نے خودکشی سے قبل آخری خط اپنے والدین کے نام لکھا اور انہیں بتایا کہ وہ جا رہی ہیں۔

لڑکی کے والد نے پولیس کو بیان میں بتایا کہ ان کے گھر کا ٹی وی گزشتہ تین ماہ سے خراب ہے اور ان کے پاس اتنے پیسے نہیں تھے کہ اسے ٹھیک کروائیں جب کہ ان کے گھر میں کوئی اسمارٹ فون نہیں ہے۔نویں جماعت کی طالبہ کی خودکشی کے بعد ریاستی وزارت تعلیم نے تمام اضلاع کے تعلیمی افسران کو حکم دیا ہے کہ وہ سروے کریں کہ کتنے گھروں میں ٹی وی، اسمارٹ فون اور انٹرنیٹ کی سہولت میسر نہیں۔

ساتھ ہی وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ آن لائن کلاسز بار بار نشر کی جائیں گی، اس لیے طلبہ کوئی ایک کلاس نہ دیکھ پانے پر مایوس نہ ہوں۔دوسری جانب لڑکی کی خودکشی کے بعد کیرالہ سے منتخب ہونے والے حزب اختلاف کے رکن لوک سبھا اور کانگریس پارٹی کے صدر راہول گاندھی نے ریاست بھر کے طلبہ کو آن لائن کلاسز دیکھنے کے لیے ٹی وی، اسمارٹ فونز اور انٹرنیٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

Shares: