پاکستانی نجی ٹی وی چینل جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر کیا جانے والا ترک ڈرامہ ’میرا سلطان‘ میں حُورم سلطان کا مرکزی کرداد ادا کرنے والی ترک اداکارہ مریم ازیرلی نے اپنی زندگی کی دُکھ بھری کہانی سوشل میڈیا پر شئیر کی-
باغی ٹی وی : تُرک اداکارہ مریم ازیرلی نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی 16 سال پُرانی ویڈیو کلپ شیئر کی جو کسی رئیلیٹی شو کے دوران بنائی گئی تھی۔
مریم ازیرلی نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں اس کے پیچھے چُھپی کہانی شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے تقریباََ 16سال قبل، رئیلیٹی شو ’ڈیل اور نو ڈیل‘ میں بطورِ اُمیدوار شرکت کی تھی۔
اُنہوں نے کہا کہ میرے پاس اُس وقت پیسے نہیں تھے اور مجھے پیسوں کی بہت ضرورت تھی کیونکہ میں اپنی والدہ کے لیے نیا باورچی خانہ بنانا چاہتی تھی۔
تُرک اداکارہ نے کہا کہ میں نے پیسے جیتنے کی خواہش سے اس پروگرام میں شرکت کی تھی لیکن بدقسمتی سے میں جیت نہ سکی اور پھر میں بہت روئی تھی۔
مریم ازیرلی نے کہا کہ اس واقعے کے بعد، میں نے بہت محنت کی اور خود کو اس قابل بنایا کہ والدہ کے لیے نیا باورچی خانہ تیار کرواسکوں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اور میں محنت و لگن کے ساتھ اپنے مقصد میں کامیاب ہوئی۔
خیال رہے کہ تُرک اداکارہ مریم ازیرلی کی دو بیٹیاں ہیں، اُن کی بڑی بیٹی کا نام لارا ہے جبکہ اُن کی دوسری بیٹی کی پیدائش گزشتہ دنوں ہی ہوئی ہے۔
جیو کہانی پر اردو میں ڈب کر کے نشر کیے جانے والے ترکی کے تاریخی ڈرامے ‘میرا سلطان’ کو پاکستان میں بے حد سراہا گیا تھا اور اس ڈرامے نے بھی مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کئے تھے۔