پاکستان بھر میں اسکول، کالجز اور یونیورسٹیوں کوکرونا وباء کے خاتمے تک مکمل بند رکھا جائے: پی ایم اے
لاہور، باغی ٹی وی . پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر اشرف نظامی اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شاہد ملک نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے ملک بھر میں تقریباً3600کے قریب اموات اور تقریبا ایک لاکھ چھیاسی ہزار کے قریب اس مہک وبا سے متاثر ہوچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان مشکل حالات میں اسکول،کالجوں اور یونیورسٹیوں کو کھولنا انتہائی غیر دانشمندانہ حرکت ہے،کیونکہ اس وقت ہسپتالوں میں مریضوں کے بیڈز اور وینٹی لیٹرز بھی کم پڑ چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اگر اسکولز، کالجز اوریونیورسٹیوں کو کھولا گیا تواس مہلک وباء سے بچوں سمیت خاندان کے خاندان متاثر ہونگے کیونکہ اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں ایس او پیز پرعمل درآمد نہیں ہوسکے گا، اور ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج کے لیے جگہ تک نہیں ملے گی۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور وبا کے خاتمے تک یونیورسٹیوں، کالجوں اوراسکولوں کو بند رکھا جائے، تاکہ عوام کرونا وائرس جیسی مہلک وباء سے محفوظ رہ سکیں۔