صنعتی زونز میں انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے ایک ارب تیس کروڑ روپے منظور

0
37

وزیر اعلیٰ سندھ نے صنعتی زونز میں انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے ایک ارب تیس کروڑ روپے منظور کئے ہیں۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں سے صوبے کے صنعتی زونز میں انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ محدود مالی وسائل کے باوجود صنعتی زونز میں نوے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ صوبے میں صنعتی ترقی کے لئے صنعتی زونز میں انفراسٹرکچر کا بہتر ہونا بہت ضروری ہے۔ سائٹ کے محکمے میں زائد عملے کی بھرتی ایک بڑا مسئلہ اور زائد اسٹاف کے باعث بروقت تنخواہوں کی ادائیگی ایک مسئلہ تھی لیکن اب سائٹ کے محکمے میں بروقت تنخواہیں ادا کی جارہی ہیں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو کا کہنا تھا کہ فیکٹری مالکان بھی حکومت سندھ سے تعاون کریں۔ فیکٹری مالکان اپنے متعلقہ زونز میں تجاوزات قائم نہ ہونے دیں اور ترقیاتی کاموں میں حکومت سندھ کا ہاتھ بٹائیں۔ حکومت سندھ صنعت کاروں کے جائز مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے۔
جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا کہ گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے صنعتی ترقی کو بہت متاثر کیا ہے لہذا وفاقی حکومت اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرے۔ سندھ سمیت تمام صوبوں کو ان کے حصے کی گیس دی جائے۔ افسوس کی بات ہے کہ سندھ سب سے زیادہ گیس پیدا کرتا ہے لیکن پھر بھی گیس سے محروم ہے۔ صوبے میں روزگار کی فراہمی اور صنعتوں کی ترقی کے لیے نئے انڈسٹریل زونز قائم کئے جارہے ہیں۔

Leave a reply