مزید دیکھیں

مقبول

ندا ڈار مینٹل ہیلتھ کا شکار ہو گئیں

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ندا ڈار...

پہلگام میں حملہ آور سخت نگرانی کے باوجود کیسے پہنچے؟کشمیری صحافی

کشمیری صحافی نے بھارتی سیکیورٹی نظام پر بڑا سوال...

پہلگام ڈرامہ،عسکریت پسند تنظیم کا حملے کی ذمہ داری سے انکار

عسکریت پسند تنظیم "دی ریزسٹنس فرنٹ" (ٹی آر ایف)...

شہادت امام حسین ؓ اُمت مسلمہ کے لیے ایک عظیم درس ہے،صدر اور وزیراعظم کا پیغام

وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم عاشورہ 1444/2022ہجری کے موقع پر قوم کے نام پیغام دیا ہے .وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں کہا ہے کہ یومِ عاشور حق و باطل کے اس لازوال معرکے کی یاد دلاتا ہے جب سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی قیادت میں جذبۂ ایمانی سے سرشار جماعت نے باطل کی اطاعت سے انکار کیا، اور حق کی سربلندی کے لیے اپنے سے بظاہر طاقتور گروہ کے سامنے سینہ سپر ہو گئی، اور یوں اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرتے ہوئے تا قیامت عزم و ہمت اور بہادری کا استعارہ بن گئی۔

نو اور دس محرم کے دن اہل بیت اور دیگر جانثار ساتھیوں کے ہمراہ، حضرت امام حسین ؓ نے بے سرو سامانی کے عالم میں ظلم و استبداد پر کاربند قوتوں کو للکارا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے دین اسلام کوجلاء بخشی۔ آج اسلام انہی قربانیوں کی بنا پر زندہ ہے اوریہی قربانیاں اہل ایمان کو ابتلاء و آزمائش کی گھڑی میں عزم و ہمت کا حوصلہ دیتی ہیں۔

شہادت امام حسین ؓ اُمت مسلمہ کے لیے ایک عظیم درس ہے۔ ہم سب کو چاہئیے کہ ان کے فلسفہ شہادت کو اپنے لیے مشعل راہ بنائیں، اور حق کی سربلندی کے لیے ہر قسم کی آزمائش کا جوانمردی اور اسقامت کے ساتھ مقابلہ کریں۔

اس وقت ہمارا ملک جس نازک صورتحال سے دوچار ہے، ہمارے لیے اس جذبۂ جوان مردی اور حق گوئی کی اہمیت دو چند ہو جاتی ہے۔ اس لیے وطن عزیز کو ان مشکلات سے نکالنے کے لیے ہمیں صبر، ہمت اور یکسوئی کا مظاہرہ کرنا ہے۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اسوہ امام حسین پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ پاکستان اور پاکستانی قوم کو خوشحالی اور ترقی عطا فرمائے۔ آمین!
پاکستان پائندہ باد.

علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسلامی تاریخ میں محرم الحرام نہایت عزت و احترام اور فضیلت والا مہینہ ہے،اس مہینے میں جہاں اسلامی تاریخ کے اہم ترین واقعات رونما ہوئے وہیں یوم ِ عاشورہ یعنی 10 محرم الحرام کا دن بھی امت مسلمہ کے نزدیک خصوصی اہمیت و فضیلت کا حامل ہے، آج کے دن حضرت امام حسین ؓ نے ایک ظالم حکمران کی بیعت کرنے سے انکار کرتے ہوئے دین کی سربلندی اور حق و صداقت کی خاطر اہلِ بیت اور دیگر جانثار ساتھیوں کے ہمراہ جامِ شہادت نوش فرمایا.

صدر مملکت نے کہا کہ نواسۂ رسول ؐ نے کربلا کے تپتے ہوئے میدان میں حق کی خاطر اپنا سر تو کٹوا دیا مگر اسے باطل قوتوں کے سامنے جھکنے نہ دیا، آج کے دن حضرت امام حسین ؓ  ، اہلِ بیت اور ان کے وفا شعار ساتھیوں نے شجاعت ، بہادری اور قربانی کی عظیم الشّان مثال قائم کی اور اپنے خون سے اسلام کو ایک نئی زندگی عطا کی، اس اندوہناک واقعہ اور اہلِ بیت پر بے انتہا ظلم پر ہر مسلمان کی آنکھ اشک بار ہے.

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ خانوادۂ ِ حضرت امام حسین ؓ  کی عظیم قربانی ہمارے لیے مشعل راہ ہے اور اس میں ہمارے لیے پیغام ہے کہ ظلم و جبرپر مبنی باطل نظام کے خلاف حق اور سچائی کا علم بلند کرنا چاہیے، امّتِ مسلمہ کو حق و صداقت اور دین کی بقا اور فروغ کیلئے ڈٹ جانا چاہیے، خلقِ خدا کو ظلم و ستم کا نشانہ بنانے والی اور احکامات ِ الٰہی کی نافرمانی کرنے والی قوتوں کے خلاف صدائےاحتجاج بلندکرنی چاہیے، انفرادی اور اجتماعی سطح پر حق کی سربلندی اور نصرت کے لیےصبر، استقامت اور جرات کے ساتھ جدوجہد کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے.

صدر عارف علوی نے کہا کہ جب ہم اللہ کے دین ، سنت نبوی ؐ اور اسوہ امام حسین ؓ  پر عمل پیرا ہوں گے تو یقینا ً اللہ تعالیٰ کی مدد ونصرت بھی ہمیں حاصل ہو گی اور ہم دنیا اور آخرت میں بھی کامیابی حاصل کریں گے، آئیں ، ہم آج کے دن عہد کریں کہ ہم اسوۂ ِ امام حسین ؓ  پر عمل پیرا ہونے کی بھرپور کوشش کریں گے اور جذبۂ ِ ایثار و قربانی سے سرشار ہوکر اپنے ہم وطنوں ، بالخصوص جنہیں سیلابی صورتحال کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے، کی خدمت کریں گے، میری دعا ہے کہ اللہ تعالی ٰ ہمارے ملک کو ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنائے اور ہمیں تمام بلاؤں سے محفوظ رکھے ۔ آمین !