”جاوید اقبال” جیسی سنجیدہ فلم بنانے کے بعد باصلاحیت ہدایتکار ابو علیحہ اب پنجابی کامیڈی فلم ”شاٹ کٹ ” لیکر آرہے ہیں . فلم دو ستمبر کو ریلیز ہو نے جا رہی ہے ، کاسٹ میں جگن کاظم، ثنا فخر، نسیم وکی اور گوہر رشید و دیگر شامل ہیں. ابو علیحہ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ میں نے جو فلم بنائی ہے وہ مکمل طور پر فیملی فلم ہے جس میںمزاح کا تڑکہ لگایا گیا ہے.انہوں نے مزید کہا کہ تھیٹر کے ایکٹر کے بارے میں یہ مشہور ہو چکا ہے کہ وہ تو ذو معنی گفتگو ہی کرے گا وہ تو گھٹیا سی جگت ہی مارے گا. یہاں تک کہ سہیل احمد جنہوں نے تھیٹر پر کامیڈی بھی کی وہ بھی ایک وقت میں یہ کہہ کر تھیٹر سے الگ ہو گئے کہ جو کچھ اب تھیٹر پر ہو رہا ہے یا جس طرح کی گفتگو چل رہی ہے وہ میں نہیں کر
سکتا.میری اس فلم میں نسیم وکی ہوں یا سخاوت ناز ہم سب نے سیٹ پر بہت مزہ کیا لیکن فلم کو اس کے لکھے ہوئے ڈائیلاگز کی حد میں ہی رکھا، ہماری فلم میں ایک بھی ذو معنی جملہ نہیں ملے گا اور مجھے یقین ہے کہ ہماری فلم جس طرحبنی ہے اسی طرح سے پاس ہوجائیگی.ہماری فلم کی کہانی میں جہاں جہاںمیسج دیا جا سکتا ہے ہم نے دیا ہے.ایک سوال کے جواب میں ابوعلیحہ نے کہا کہ میں پنجابی نہیں ہوں لیکن میں نے باہر سے آکر پنجاب کے فنکاروں کے ساتھ کام کیا ہے.میں نے تھیٹر کے فنکاروں سے انکی صلاحیتوں کے مطابق کام لینے کی کوشش کی ہے کہیں یہ تاثر نہیں آنے دیا تھیٹر کا ایکٹر ہے تو جگت ہی مارے گا. فلم کے تمام فنکار پنجاب کے روایتی انداز میں مزاحیہ مکالمے ادا کرتے دکھائی دیں گے. ہم نے کوشش کی ہے کہ بھرپور فیملی اینٹرٹینمنٹ ہو.یاد رہے کہ شاٹ کٹ کو جاوید احمد کاکے پوٹو اور فہیم سمیجو نے پرڈیوس کیا ہے جبکہ آئی ایم جی سی اسے ریلیز کررہی ہے.