اسپین اور پرتگال میں گرمی سے ہلاک افراد کی تعداد 17 سو سے بڑھ گئی
یورپ میں سورج سوا نیزے پر آگیا، اسپین اور پرتگال میں گرمی سے ہلاک افراد کی تعداد 17 سو سے بڑھ گئی ہے۔
باغی ٹی وی: غیرملکی میڈیا کے مطابق ایک ہفتے سے جاری گرمی کی لہر کے سبب فرانس، اسپین اور پرتگال میں ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے ہیں۔
برطانیہ میں رکارڈ گرمی سے تیرہ اموات ہوئی ہیں جبکہ درجہ حرارت پیر کو چالیس ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھ گیا سخت گرمی کی وجہ سے درجنوں مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔ 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک کام کرنیوالی ٹرینیں بھی جواب دے گئی ہیں۔
درجہ حرارت بڑھنے سے نظام مواصلات بری طرح متاثر ہوا ہے۔ آج سے موسم بہتر ہونے کا امکان اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بیلجیئم کے دو صوبوں ویسٹ فلاندرز اور ہینات میں کوڈ ریڈ نافذ کردیا گیا ہے اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے محکمہ صحت نے تمام شہریوں خاص طور پر معمر افراد کیلئے احتیاط اور گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے اس کے ساتھ ہی پانی زیادہ پینے، ڈھیلے کپڑے پہننے اور گھروں میں گرمی سے بچاؤ کے انتظامات کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر میں ہیٹ ویو کا تسلسل 2060 تک بڑھتا جائے گا ا قوام متحدہ کی عالمی موسمیاتی ایجنسی کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو زیادہ کاربن اخراج کرنے والے ممالک کے لیے ویک اپ کال ہے۔
عالمی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق کاربن اخراج میں اضافہ نہ روکا گیا تو موسمیاتی شدت مزید بڑھے گی سب سے زیادہ کاربن اخراج کرنے والے ایشیائی ممالک موسمیاتی شدت کا زیادہ نشانہ بنیں گے۔