واپڈا کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اعزاز میں تقریب اور انعامات کی تقسیم
باغی ٹی وی : ورلڈ کبڈی کپ 2020 ء کے پاکستانی سکواڈ میں شامل واپڈا کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب ہوئی
چیئرمین واپڈا اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے پیٹرن انچیف لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین(ریٹائرڈ) تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے
واپڈا سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کو انفرادی طور پر ایک لاکھ 80ہزار روپے کے نقد انعامات دیئے گئے
ورلڈ کبڈی کپ 2020 ء میں شاندار کارکردگی پرچیئرمین واپڈا کی جانب سے فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کی تعریف
ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لئے سرگرم کردار ادا کرتے رہیں گے، چیئرمین واپڈا کا تقریب سے خطاب
24 مئی 2021ء……واپڈا سپورٹس بورڈ کی جانب سے ورلڈ کبڈی کپ 2020 ء کے پاکستانی سکواڈ میں شامل واپڈا کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اعزاز میں ایک تقریب واپڈا ہاؤس میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین واپڈا /واپڈا سپورٹس بورڈ کے سرپرست اعلیٰ لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) تھے جنہوں نے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ میں انفرادی طور پر ایک لاکھ 80 ہزار روپے کے نقد انعامات تقسیم کئے۔ جن کھلاڑیوں اور آفیشلز کو انعامات دیئے گئے اُن میں محمد شفیق چشتی، بنیا مین ملک، قمر زمان بٹ، ارسلان محمود(شانی بسرا)،مشرف جاوید جنجوعہ، اکمل شہزاد ڈوگر، خالد حسین بھٹی، محمد رزاق گِل اور محمد عدیل اختر شامل ہیں۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ چھٹے کبڈی کپ 2020 ء میں واپڈا کے 7 کھلاڑیوں اور 2 آفیشلز نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ پاکستان نے فائنل مقابلے میں انڈیا کو 40-42پوائنٹس سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ پاکستانی ٹیم کے 42 پوائنٹس میں سے 28 پوائنٹس واپڈا کھلاڑیوں نے حاصل کئے۔ محمد شفیق چشتی ٹورنامنٹ کے بہترین ریڈر (Raider) قرار پائے جنہوں نے 13 پوائنٹس سکور کرکے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔
کرونا وائرس کی وبا کے باعث تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد اس سے قبل نہیں کیا جاسکا تھا۔ تاہم ملک میں کرونا کی صورتِ حال میں بہتری کے بعد واپڈا سپورٹس بورڈ نے آج اِس تقریب کا اہتمام کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے ورلڈ کبڈی کپ 2020 ء میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر واپڈا کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ واپڈا کھلاڑی مستقبل میں بھی اِسی طرح ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔ کھیلوں کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوے چیئرمین نے کہا کہ کھیل ایک ایسا عمل ہے جس کی بدولت دہشت گردی کے خاتمے، معیشت کی بہتری اور قومی یکجہتی جیسے اہم چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے۔
ممبر پاور (واپڈا) جمیل اختر، منیجنگ ڈائریکٹر (ایڈمن) خالد سلیم، ایڈوائزر سپورٹس کرنل(ریٹائرڈ) آصف مہدی، ایڈوائزر واپڈا نڈاؤمنٹ فنڈفار سپورٹس شفقت رانا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس محمد مشرف خان،پاکستان کبڈی فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری رانا سرور اور سپورٹس بورڈ کے دیگر عہدیداربھی تقریب میں موجود تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 60 سالوں سے واپڈا پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لئے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ واپڈا کے کھلاڑی نہ صرف ملکی سطح پر اپنے جوہر دکھا رہے ہیں بلکہ بین الاقوامی مقابلوں میں بھی کامیابیاں پاکستان کے نام کر رہے ہیں۔ اس وقت واپڈا کی ٹیموں کو 35کھیلوں،(مینز۔ 20، ویمنز۔15) میں فاتح اور 18 کھیلوں (مینز۔ 11، ویمنز۔7)میں رنرز اپ کا اعزاز حاصل ہے۔ واپڈا کھلاڑیوں کو روز گار فراہم کرنے والا سب سے بڑا ادارہ ہے اور
22 سو سے زائد کھلاڑی اور سپورٹس عملہ واپڈا سپورٹس بورڈ کے ملک بھر میں موجود مختلف یونٹس میں برسر روز گار ہیں۔ واپڈا کی 66 ٹیمیں ہیں جن میں 37مرد
اور 29خواتین ٹیمیں شامل ہیں۔
٭٭٭








