چیئرمین سینٹ سے ہنگری اور تیونس کے سفرا کی ملاقاتیں، اہم امور زیربحث

چیئرمین سینٹ سے ہنگری اور تیونس کے سفرا کی ملاقاتیں، اہم امور زیربحث

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پاکستان میں تعینات ہنگری اور تیونس کے سفرا نے آج جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور، معاشی، ثقافتی، تعلیمی اور تجارتی روابط کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ہنگر ی کے سفیر بیلا فزیکاس سے ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے،ہنگری کے ساتھ آبی وسائل کے انتظام، زراعت، خوراک، تعلیم اور آئی ٹی کے شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں،ہنگری میں تعلیم اور تربیت یافتہ پاکستانی انسانی وسائل کو واپس پاکستان کی طرف راغب کرنے کیلئے ایک جامع طریقہ کار تشکیل دیا جانا چاہئے۔

چیئرمین سینیٹ نے ہنگری کی حکومت کی جانب سے پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کیلئے حمایت اور پاکستانی طلبا کیلئے اسکالرشپس کی تعداد بڑھانے کے اقدامات کو سراہا اور سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطح وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر زور د یتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہنگری اور پاکستان کے نجی شعبوں کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنے کیلئے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں۔

ہنگری کے سفیر نے پاکستان میں حالیہ بارشوں اورسیلاب سے ہونی والی تباہ کاریوں پر چیئرمین سینیٹ سے اظہار افسوس کرتے ہوئے اس مشکل وقت میں پاکستان کی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی جس پر چیئرمین سینیٹ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔چیئرمین سینیٹ نے دنیا بھر میں موسمی تغیرات اور اس کے نتیجے میں ہونے والی تباہ کاریوں پر قابو پانے کیلئے عالمی سطح پر ہنگامی اقدامات کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ہنگری کے سفیر نے دونوں ممالک کے مابین بہتر تعلقات کیلئے روابط بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے علاقائی امن واستحکام کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔

بعد ازاں چیئرمین سینیٹ سے پاکستان میں تیونس کے سفیر برہین الکامل نے ملاقات کی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ برادر اسلامی ملک تیونس کے ساتھ برادرانہ اور تاریخی تعلقات ہمارے لئے باعث فخر ہیں اورمشترکہ مفادات کی بنیاد پر تعلقات کو بڑھانے کیلئے پرامید ہیں۔دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ عقائد، تاریخ اور ثقافت پر مبنی ہیں۔محمد صادق سنجرانی نے اسلاموفوبیا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں اسلاموفوبیا سے نمٹنے کیلئے تمام اسلامی برادر ممالک میں اتفاق وقت کی ضرورت ہے۔مسلم ممالک کو اسلاموفوبیا جیسے مسائل سے نمٹنے کیلئے اپنے اختلافات کو بھلا کر اس مسئلے پر یکجا ہونے کی اشد ضرورت ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور تیونس کے مختلف بین الاقوامی مسائل پر مشترکہ خیالات ہیں جس کی عکاسی عالمی فورمز پر ان کے مشترکہ موقف سے ہوتی ہے۔دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارتی حجم مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان نے گوادر اور سی پیک روٹس پر اپنی سمندری بندرگاہ کے ذریعے تیونس کو وسطی ایشیائی ریاستوں اور چین کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانے کا ایک منفرد موقع فراہم کیا ہے جس سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تیونس افریقہ کا اہم ملک اور پاکستان کا قریبی دوست ہے۔دونوں ممالک کے درمیان تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے جامع حکمت عملی اور تجارتی وفود کے تبادلوں پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے۔تیونس کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ کو دونوں ممالک کے مابین تمام شعبوں میں باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کیلئے یقین دہانی کرائی۔تیونس کے سفیر نے پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونی والی تباہ کاریوں پر چیئرمین سینیٹ سے افسوس کا اظہار کیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں؛ جنرل قمر جاوید باجوہ بطور آرمی چیف اور سیکیورٹی چیلنجز ، بقلم: شکیل احمد رامے
امریکہ پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری چاہتا ہے،امریکی محکمہ خارجہ

اداروں سے متعلق بیان پر وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ کی وضاحت
یورپی یونین نے 6 ماہ سے زائد عمر کے بچوں کو کورونا وائرس کی ویکسین دینےکی منظوری دے دی۔
منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار نوجوان کی لانڈھی جیل میں پراسرار ہلاکت
اسمارٹ فون خریدنے کیلئے 16 سالہ لڑکی اپنا خون بیچنے اسپتال پہنچ گئی

Comments are closed.