پاکستان نے سکھوں کے پانچویں گورو ارجن دیو کی 415 ویں اور مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 182 ویں برسی کی تقریبات میں شرکت کے لئے بھارتی سکھ جتھوں کی پاکستان آمد کے اجازت نامے منسوخ کردئے ہیں۔

گورو ارجن دیو کی برسی کی تقریبات 16 جون سے اور مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات 27 جون کو لاہور میں منائی جارہی ہیں۔ اس سلسلے میں باغی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عامراحمد نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے بھارتی سکھوں کو پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی تاہم انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں حتمی فیصلہ این سی او سی کا ہو گا۔

ڈاکٹر عامر احمد نے کہا کہ بھارت میں کورونا کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے جب کہ پاکستان میں کورونا کی صورتحال میں بہتری آرہی ہے۔ بھارتی سکھ جتھوں کی پاکستان آمد سے بھارتی وائرس پاکستان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ واضح رہے کہ دونوں تقریبات میں شرکت کے لئے ہرسال بڑی تعداد میں بھارتی سکھ پاکستان پہنچتے ہیں۔ 

Shares: